Monday 1 June 2020

٭٭عناصر کا جادوگر٭٭


وہ سائبیریا(siberia)،روس (Russia)کا رہنا والا تھا اور ابھی اس کی عمر ہی کیا تھی جب اس کا باپ اندھا ہو گیا اور اس کی ماں کام پر جانے لگی تا کہ کچھ کما سکے ۔ 
13
سال کی عمر میں اس کے والد دنیا سے چلےجاتے ہیں۔۔۔کہتے ہیں کہ اس کے دس سے زیادہ بہن بھائی تھے (بعض کہتے ہیں کہ 16 تھے)۔اس کی ماں نے شیشہ بنانے کی ایک فیکٹری ،جو اس کے باپ نے بنوائی تھی
اور بعد میں بند کر دی تھی کو دوبارہ کھولا۔۔اور جب سب کچھ ٹھیک ہو نے لگا،تو پھر ایک دن،تقریبا ایک سال بعد فیکٹری میں آگ لگ جاتی ہے اور سب کچھ ختم ہو جاتا ہے۔۔۔۔۔
نہ جانے اس کی ماں کے دل میں کیا آتا ہے کہ وہ فیصلہ کرتی ہے کہ اس کا یہ بیٹا تعلیم حاصل کرے گا۔سو اس نے اس کا زاد راہ باندھا اور خود اس کے ساتھ گھوڑے پر سوار ہو کر 1500 میل کا فاصلہ طے کر کے اسے "ماسکو" کے ایک یونیورسٹی میں لے گئی ،وہاں وہ یونیورسٹی کے انتظامیہ کے سامنے گڑگڑائی کہ اس کے بیٹے کو یونیورسٹی میں داخلہ دیا جائے۔۔لیکن یونیورسٹی میں داخلہ یونہی تھوڑی ملتا ہے ۔۔سو وہ وہاں سے ناکام لوٹتے ہیں ۔ اس کی ماں ہمت نہ ہارتی ہے اور پھر وہاں سے تقریبا400 میل کے فاصلے پر اسے" سینٹ پیٹرسبرگ" میں واقع اس کالج لےجاتی ہے جہاں اس کے باپ نے تعلیم حاصل کی تھی۔۔۔۔۔
خوش قسمتی کہئے یا ماں اور بیٹے کی لگن اور تڑپ کہ اس کالج کا پرنسپل اس کے باپ کو کسی زمانے میں جانتا تھا ،اور یو ں اسے داخلہ مل جاتاہے۔۔۔۔اور پھر اس کے دس دن بعد اس کی ماں مر جاتی ہے ۔۔۔۔۔۔
گو کہ اسے سخت حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ ہمت نہیں ہارتا ہے اور تعلیم حاصل کرنے میں جت جاتا ہے۔۔جس وقت اسے کالج میں داخلہ ملا اس وقت اس کی عمر 16سال تھی اورپھر صرف 6 سال بعد وہ ماسٹر کی ڈگری حاصل کر لیتا ہے۔۔۔۔
اس کے بعد وہ ریسرچ کے لئے سال دو کے لئے جرمنی چلا جاتا ہے،اور جب وہ واپس آتا ہے تو اسے یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ "روس" کیمیاء کے میدان میں جرمنی سے بہت پیچھے ہے اور وہ اتنا پریشان ہوتا ہے کہ اس کی"" پریشانی"" اس سے صرف اکسٹھ(61) دنوں میں پانچ سو(500) صفحات کی "نامیاتی کیمیاء" پر کتاب لکھواتی ہے،اور اس وقت اس کی عمر صرف 27 سال ہوتی ہے،ہے نا عجیب بات!!
اس کے بعد تو اس پر کام کرنے کا جیسا بھوت سوار ہو جاتا ہے۔۔۔سننے میں آیا ہے کہ وہ سال میں صرف ایک بار اپنی داڑھی اور سر کے بال بنایا کرتا تھا۔۔۔۔
اور پھر آیا سال 1869۔۔۔جب وہ اپنی دوسری کتاب(غیر نامیاتی کیمیاء) پر کام کر رہا تھا ،جس کا ایک اہم موضوع "عناصر (elements)" تھے۔۔اس نے سوچا کہ کیا ایسا کوئی طریقہ یا پیٹرن نہیں جس سے ہم عناصر کو لاجکلی درجہ بند کر سکے؟
اور پھر اس سوال کا جواب وہ ڈھونڈنے لگا۔۔اس نے ہر اک عنصر (اس وقت تقریبا63 عناصر دریافت ہو چکے تھے) کو ایک الگ الگ کارڈ پر لکھا اور ساتھ میں ہر اک عنصر کے ساتھ اس کی کیمیائی خصوصیات بھی لکھیں۔۔اب وہ ہر وقت ان "پتوں" کے ساتھ کھیلنے لگا۔۔۔
یہ کارڈ ہر وقت اس کے ساتھ ہوتے،وہ اسے مختلف ترتیب دیتا رہا،لیکن اسے کچھ سجھائی نہیں دیا۔اور پھر ایک دن جب وہ تھک ہار کے میز پر ہی سر ٹکا کے سو گیا ،تو اس نے ایک خواب دیکھا۔۔
وہ لکھتا ہے کہ "میں نے خواب میں ایک ٹیبل (جدول) کو دیکھا،جس میں سب عناصر اس ترتیب میں لکھے ہوئے تھے جیسا کہ ان کو ہونا چاہئے تھا اور پھر میں جیسے ہی اٹھا میں نے اسے ایک کاغذ پر لکھ ڈالا"
جو ٹیبل اس نے بنایا تھا اس میں عناصر کی درجہ بندی "ایٹمی کیمیت" کو مد نظر رکھ کے کی گئی تھی۔۔اس نے اس جدول میں کچھ خانوں کو یوں ہی چھوڑ دیا،کیوں کہ اسے یقین تھا کہ اس میں ان عناصر کو رکھنا ہے جو ابھی تک دریافت نہیں ہوئے تھے۔ اور پھر جب کچھ عرصہ بعد ایک سائںٹسٹ نے کسی عنصر کو دریافت کرنے کا دعویٰ کیا جو اس کے دور جدول میں فٹ (fit)نہیں ہوا تو اس نے ایک آرٹیکل شائع کیا اور پورے یقین کے ساتھ کہا کہ اس سائنسدان نے اس عنصر کی خصوصیات کو ٹھیک طرح سے بیان نہیں کیا ہے،اور پھر حیرت انگیز طور پر بعد کی تحقیقات نے اسے سچا ثابت کیا۔۔۔۔تب سے اسے "عناصر کا جادوگر" کہا جانے لگا۔۔۔
سائنس کے طالب علم اسے "مینڈ لیف " کے نام سے جانتے ہیں ،اس کا پورا نام(Dmitri Ivanovich Mendeleev) تھا۔۔۔
وہ 1834 میں پیدا ہوا اور 1907 کو اس دنیا سے چل بسا۔۔۔


0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔